لندن ،27مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق چمپئن ہندوستان یہاں چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنے پہلے پریکٹس میچ میں کل جب نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا تو سب کی نظریں سینئر آف اسپنر روی چندرن اشون اور تیز گیند باز محمد سمیع پر ٹکی ہوں گی۔انڈین پریمیئر لیگ میں 6 ہفتے کھیلنے کے بعد دو پریکٹس میچوں سے ٹیم انڈیا کو 50 اوور کے فارمیٹ سے ہم آہنگی بٹھانے میں مدد ملے گی اور ٹورنامنٹ سے پہلے ٹیم مستقل مجموعہ تیار کرنا چاہے گی۔ہندوستان نے اپنا پچھلا ون ڈے انٹرنیشنل میچانگلینڈ کے خلاف جنوری میں کھیلا تھا۔میچ کو سرکاری درجہ حاصل نہیں ہے تو ٹیم کے تمام 15 ممبران کو کھیلنے کا موقع ملے گا۔سب کی نظریں اشون پر لگی ہیں جو دو ماہ کے وقفے کے بعد واپسی کر رہے ہیں کیونکہ بی سی سی آئی چاہتا تھا کہ گھریلو سیشن میں تمام 13 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد تھکاوٹ سے نمٹنے کے لئے وہ آئی پی ایل میں نہیں کھیلیں۔پریکٹس میچ اشون کو میچ پریکٹس کا کافی موقع دے گا کیونکہ اگر ٹیم مینجمنٹ آخری الیون میں صرف ایک ماہر اسپنر کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کرتا ہے تو انہیں آخری الیون میں روندر جڈیجہ سے چیلنج مل سکتا ہے۔اشون کو اس میچ کے ذریعے اوول کی فلیٹ پچ پر کین ولیمسن، مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم جیسے کھلاڑیوں کے خلاف اپنی مہارت کو پرکھنے کا موقع ملے گا۔محدود اوورز کے کرکٹ میں اشون کی کارکردگی اتنا زیادہ مؤثر نہیں ہے لیکن تمل ناڈو کے اس آف اسپنر نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے اپنے ترکش میں نئے تیروں کے ساتھ تیار ہیں۔